روزانہ 1300 بچے غذائی کمی سے انتقال کرجاتے ہیں، مصطفیٰ کمال
اسلام آباد: وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال نے انکشاف کیا ہے کہ روزانہ 1300 بچے غذائی کمی سے فوت ہورہے ہیں۔
پاک فارما ہیلتھ کیئر ایکسپو کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ پاکستان میں ہیلتھ کیئر سسٹم کی کمپنیاں ترقی کررہی ہیں، پچھلے سال فارما انڈسٹری کی ایکسپورٹ 38 فیصد ہوئی ہے، سرکار جب تک ساتھ نہ دے تو ترقی نہیں ہوتی، وزیراعظم اور حکومت فارما انڈسٹری کے ساتھ کھڑی ہے اور کمپنیوں کو ریلیف دیا جارہا ہے۔
وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ڈریپ اب تک 85 فیصد ڈیجیٹل ہوچکا ہے، ڈریپ سمیت دوسرے اداروں میں اب کرپشن ختم ہوگی، 9 اکتوبر کو پاکستان میں نیا نظام لارہے ہیں، ادویہ کے اوپر چیک اینڈ بیلنس رکھا جائے گا، 25 کروڑ آبادی میں صرف 22 ڈرگ انسپکٹر کام کررہے ہیں۔
مصطفیٰ کمال نے ملک میں نئے صوبے بنانے کا مطالبہ دہراتے ہوئے کہا کہ نئے صوبہ بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے، قیام پاکستان کے وقت پاکستان کی کل ابادی ساڑھے تین کروڑ تھی، آج ملک کی آبادی ساڑھے 26 کروڑ تک پہنچ گئی ہے پر صوبے چار ہیں، نئے صوبوں کے قیام سے ملک ٹوٹتا نہیں مزید مضبوط ہوتا ہے۔
وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب اور ترکیہ کے مابین دفاعی معاہدہ خوش آئند ہے، اس کا سہرا فیلڈ مارشل عاصم منیر، وزیراعظم اور ڈپٹی وزیراعظم کو جاتا ہے، کچھ انتشار پسند سوچی سمجھی سازش کے تحت فوج کو بدنام کرنے کی کوشش کررہے ہیں، ہم نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں اپنے سے چھ گنا بڑی فوج کو شکست سے دو چار کیا۔