میر رضا کی لاش کے نمونے حاصل، قبر کُشائی کی کارروائی پر مطمئن ہوں: والد

کراچی: نوجوان تاجر میر رضا کی موت کا معمہ حل کرنے کے لیے لاش کے پوسٹ مارٹم سے متعلق تمام کارروائی مکمل کرلی گئی۔
میر رضا کی قبر کشائی کے دوران میڈیکل بورڈ کے ارکان، میر رضا کے اہل خانہ اور وکیل جبران ناصر بھی سوسائٹی قبرستان میں موجود رہے۔ پولیس سرجن، سربراہ شناخت پروجیکٹ اور مجسٹریٹ بھی قبرستان میں موجود رہے، اس موقع پر سیکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کیے گئے تھے۔
میڈیکل بورڈ ممبر نے بتایا کہ میر رضا کے پوسٹ مارٹم کی تمام تر کارروائی مکمل کرلی گئی ہے، میر رضا کی لاش سے مختلف نمونے حاصل کیے گئے ہیں، ملنے والے نمونوں کو کیمیائی تجزیے کے لیے بھیجا جائے گا، اب قانونی کارروائی مکمل کی جارہی ہے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے میر رضا کے والد میر حسین کا کہنا تھا قبر کشائی کی کارروائی سے مطمئن ہوں، دعا ہے پوسٹ مارٹم میں جو کچھ پہلے ہوا اب نہ ہو، جو بھی رپورٹ آئے گی، تسلیم کریں گے۔
ان کا کہنا تھا بیٹے کے حوالےسے ایک آڈیو چل رہی ہے وہ بیٹے کی نہیں ہے، کیس کو خراب کرنے کے لیے یہ سب کیا جارہا ہے۔
خیال رہے کہ میر رضا کے اہل خانہ نے 5 رکنی بورڈ مسترد کردیا تھا، جس کے بعد حکومت نے دوبارہ پرانا میڈیکل بورڈ بحال کر دیا تھا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔