سندھ حکومت سولر منصوبے سے 2 لاکھ 75 ہزار خاندانوں کی توانائی ضروریات پورا کرے گی، شرجیل میمن
کراچی: سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ سندھ حکومت سولر منصوبے سے 2 لاکھ 75 ہزار خاندانوں کی توانائی کی ضروریات پورا کرنے جا رہی ہے، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایات پر 18 ارب 20 کروڑ مالیت کا سولر سسٹم کی فراہمی کا منصوبہ حکومت سندھ کا انقلابی قدم ہے۔
شرجیل انعام میمن نے ایک بیان میں کہا کہ سندھ حکومت کے سولر سسٹم کی فراہمی کے منصوبے سے آف گرڈ علاقوں کے ایک لاکھ 32 ہزار خاندان اور آن گرڈ علاقوں کے ایک لاکھ 43 ہزار خاندان منصوبے سے مستفید ہو رہے ہیں، حکومت سندھ کا مقصد کم آمدنی والے اور دور دراز علاقوں میں رہنے والے مستحق خاندانوں کو سہولت فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہر مستحق خاندان کو 180 واٹ کا سولر پینل، بیٹریز، سینٹرل کنٹرول یونٹ، چارج کنٹرولر، موبائل چارجنگ کی سہولت، پنکھے اور ایل ای ڈی لائٹس فراہم کی جا رہی ہیں، منصوبے پر تیزی سے پیش رفت جاری ہے، اب تک مختلف اضلاع میں 15 ہزار سے زائد سولر ہوم سسٹم کٹس تقسیم کی جا چکی ہیں۔
سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ حکومت کا ہدف ہے کہ جون 2027 تک منصوبہ مکمل کرتے ہوئے تمام 2 لاکھ 75 ہزار مستحق خاندانوں کو سہولت سے مسفید کیا جائے، سولر ہوم سسٹم منصوبہ صرف بجلی کی فراہمی کا منصوبہ نہیں بلکہ غریب عوام کو ریلیف کی فراہمی کا اہم قدم ہے۔