کرکٹ آسٹریلیا کی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ ایک سال آگے بڑھانے کی درخواست
دبئی: رواں سال شیڈول ٹی 20 ورلڈکپ انعقاد سے قبل ہی تنازع کی زد میں آگیا، کرکٹ آسٹریلیا نے آئی سی سی سے ایونٹ ایک سال کے لیے ملتوی کرنے کی درخواست کردی۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ٹیلی کانفرنس میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے انعقاد کا فیصلہ 10 جون تک مؤخر کردیا، کرکٹ آسٹریلیا نے درخواست کی تھی کہ میگا ایونٹ ایک سال آگے بڑھایا جائے۔
کرکٹ آسٹریلیا کا آئی سی سی فنانشل کمیٹی کو لکھا جانے والا یہ خط میڈیا پر لیک ہوگیا، بورڈ ارکان نے خفیہ معلومات باہر نکلنے پر تحفطات ظاہر کیے اور اس کی تحقیقات کرانے کا اعلان کیا ہے۔
آسٹریلین میڈیا کے مطابق کرکٹ آسٹریلیا نے آئی سی سی کو میگا ایونٹ ایک سال آگے بڑھانے کی درخواست کی ہے، دوسری طرف کرکٹ آسٹریلیا کے چیئرمین ارل ایڈینگز کا کہنا ہے کہ ورلڈکپ 2022 تک ملتوی ہونا کرکٹ کے لیے نقصان دہ ہوگا۔