بلوچستان میں آپریشن: فتنۃ الہندوستان کے 19 دہشت گرد ہلاک، 11 جوان شہید
راولپنڈی: بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں فتنۃ الہندوستان کے 19 دہشت گرد جہنم واصل کردیے گئے جب کہ 11 جوانوں نے وطن کے دفاع میں جام شہادت نوش کیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق مصدقہ اطلاعات کی بنیاد پر سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں این-25 پر جھاو کراس اور کرارو کے درمیان انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، جہاں فتنۃ الہندوستان کے دہشت گرد روڈ بلاک کرکے مسافروں اور مقامی شہریوں سے بھتہ وصول کرنے میں مصروف تھے۔
سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی سے بھتہ وصول کرنے والے فتنۃ الہندوستان کے 19 دہشت گرد جہنم واصل اور متعدد زخمی ہوگئے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن کے دوران وطن کے دفاع میں لڑتے ہوئے سیکیورٹی فورسز کے 11 بہادر سپوت جامِ شہادت نوش کرگئے۔
سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی اس عزم کا واضح اظہار ہے کہ عوام کی جان و مال، شاہراہوں کے تحفظ اور بلوچستان کے امن کو یرغمال بنانے کی ہر کوشش کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔