ژوب میں مسافر بس کھائی میں گرنے سے 40 افراد جاں بحق

ژوب: بلوچستان کے علاقے ژوب میں بس کھائی میں جاگری، جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 40 افراد جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کے مطابق ژوب کے علاقے داناسر کے علاقے میں بس کھائی میں گرگئی جس کے نتیجے میں متعدد افراد جاں بحق اور زخمی ہوئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ بس کے بریک فیل ہونے کے باعث حادثہ پیش آیا، زخمیوں میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں، زخمیوں کو ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کیا جارہا ہے۔
اس حوالے سے وزیراعلیٰ بلوچستان کے معاون برائے میڈیا امور شاہد رند نے اپنے بیان میں بتایا کہ بس حادثے میں 40 افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاع ملی ہے، حادثے میں 8 افراد زخمی ہوئے ہیں، بس حادثہ بلوچستان اور خیبر پختون خوا کے سرحدی علاقے میں پیش آیا۔
معاون وزیراعلیٰ بلوچستان شاہد رند نے مزید بتایا کہ بس حادثے کی جگہ بلوچستان اور کے پی حکومت کی ریسکیو سرگرمیاں جاری ہیں، پی ڈی ایم اے، محکمۂ صحت، ایف سی اور دیگر ادارے متحرک ہیں، فوری اقدامات میں معاونت پر کے پی حکومت کے شکر گزار ہیں۔
شاہد رند کا کہنا تھا ابتدائی اطلاعات کے مطابق بس میں معمول سے زیادہ مسافر سوار تھے، حادثے کا شکار بس میں پیچھے خراب ہوئی بس کے مسافر بھی سوار تھے، ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ افسران حادثے کی وجوہ کا تفصیلی جائزہ لے رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا، جاں بحق افراد کی شناخت اور زخمیوں کے علاج کے لیے اقدامات جاری ہیں، حکومت بلوچستان جاں بحق افراد کے لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے، زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں، حادثے کی مکمل تحقیقات کے بعد حقائق عوام کے سامنے لائے جائیں گے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے ژوب شیرانی شاہراہ پر مسافر بس حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کے لیے دعائے مغفرت کی اور متعلقہ اداروں کو زخمیوں کو ہر ممکن اور بہترین طبی سہولتوں کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے، اس اندوہ ناک سانحے پر پوری قوم متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔