مُلک میں یکم جولائی سے مون سون بارشیں: لینڈ سلائیڈنگ و اربن فلڈنگ کا اندیشہ

کراچی: ملک بھر میں جولائی کے پہلے ہفتے کے دوران مون سون بارشوں کی پیش گوئی کرتے ہوئے محکمۂ موسمیات نے مختلف علاقوں میں آندھی، گرج چمک، اربن فلڈنگ اور لینڈ سلائیڈنگ سے خبردار کیا ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق 30 جون کی شام یا رات سے مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک میں داخل ہونے کا امکان ہے۔ بحیرۂ عرب سے مرطوب ہوائیں ملک کے مشرقی اور وسطی علاقوں میں داخل ہورہی ہیں جب کہ 2 جولائی سے خلیج بنگال سے بھی مرطوب ہوائیں ملک کے بالائی علاقوں کا رُخ کریں گی۔
محکمۂ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق یکم سے 6 جولائی کے دوران کشمیر، پنجاب، خیبر پختون خوا، گلگت بلتستان اور اسلام آباد سمیت مختلف علاقوں میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
محکمۂ موسمیات نے بتایا کہ 3 اور 4 جولائی کو سندھ کے شہروں سکھر، جیکب آباد، لاڑکانہ اور ملحقہ اضلاع جب کہ یکم سے 4 جولائی کے دوران بلوچستان کے شمالی اور شمال مشرقی اضلاع میں بھی بارش کا امکان ہے۔
محکمۂ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ 2 سے 6 جولائی کے دوران بالائی خیبر پختون خوا، گلگت بلتستان، مری، گلیات اور کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے جب کہ یکم سے 4 جولائی تک اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور، گوجرانوالا، لاہور اور فیصل آباد میں اربن فلڈنگ کا خطرہ بھی موجود ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔