حج 2027: دو روز میں ہزاروں افراد کی آن لائن رجسٹریشن

اسلام آباد: حج 2027 کے لیے ملک بھر سے آن لائن رجسٹریشن کا آغاز ہوتے ہی دو روز میں لاکھوں افراد نے اپنے نام رجسٹر کروالیے۔
حکام کے مطابق حج 2027 کی آن لائن رجسٹریشن کی عوامی سطح پر بھرپور پذیرائی ہوئی ہے اور پہلے دو دن میں رجسٹرڈ عازمین کی تعداد 51 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔
اعداد و شمار میں بتایا گیا کہ آن لائن پورٹل سے 46 ہزار جب کہ پاک حج موبائل ایپ کے ذریعے 5 ہزار افراد گھر بیٹھے رجسٹر ہوئے ہیں، جن میں سے 41 ہزار افراد نے سرکاری اسکیم جب کہ 10 ہزار افراد نے پرائیویٹ حج کا انتخاب کیا۔
اسی طرح پنجاب سے 24 ہزار، سندھ سے 16 ہزار، خیبر پختونخوا سے 7 ہزار، اسلام آباد سے 3 ہزار، بلوچستان سے 800، کشمیر سے 260 اور گلگت بلتستان سے 77 عازمین رجسٹر ہوئے ہیں۔
حکام نے بتایا کہ رجسٹرڈ عازمین میں 30 ہزار مرد اور 21 ہزار خواتین شامل ہیں اور رجسٹرڈ عازمین حج میں 30 سے 48 سال عمر کے افراد کی تعداد نمایاں ہے۔
مزید بتایا گیا کہ نیشنل آئی ٹی بورڈ کی مدد سے حج آپریشن پیپرلیس اور اینڈ ٹو اینڈ ڈیجیٹائز کے تحت حج 2027 کی لازمی رجسٹریشن ڈرائیو بلاتعطل جاری رہے گی۔
بیان میں کہا گیا کہ اخراجات اور دیگر تفصیلات دوسرے مرحلے میں جاری کی جائیں گی۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔