فیفا ورلڈکپ فائنل: صدر ٹرمپ میچ دیکھنے کیساتھ فاتح ٹیم کو ٹرافی بھی دیں گے

فیفا کے صدر جیانی انفانٹینو نے تصدیق کی ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ فٹ بال ورلڈکپ 2026 کا فائنل دیکھنے اسٹیڈیم آئیں گے اور فاتح ٹیم کو ٹرافی پیش کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق فیفا ورلڈکپ 2026 کا فائنل 19 جولائی کو نیو جرسی کے میٹ لائف اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
اگرچہ ٹرمپ اب تک ٹورنامنٹ کا کوئی میچ دیکھنے اسٹیڈیم نہیں پہنچے، تاہم فیفا صدر کے مطابق وہ فائنل کے موقع پر موجود ہوں گے۔
ایک انٹرویو میں جیانی انفانٹینو نے کہا کہ وہ اور ٹرمپ مل کر فائنل سے لطف اندوز ہوں گے اور فاتح ٹیم کو ٹرافی بھی پیش کریں گے۔
ورلڈ کپ 11 جون سے امریکا، کینیڈا اور میکسیکو میں جاری ہے، جس میں مجموعی طور پر 104 میچز کھیلے جائیں گے، جن میں سے 78 میچز کی میزبانی امریکا کر رہا ہے۔
وائٹ ہاؤس کی ورلڈکپ ٹاسک فورس کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر اینڈریو جیولیانی کے مطابق صدر ٹرمپ مصروفیات کے باعث ابھی تک کسی میچ کو دیکھ نہیں سکے، تاہم وہ کھیلوں کے بڑے ایونٹس میں دلچسپی رکھتے ہیں۔
گزشتہ برس کلب ورلڈکپ کی ٹرافی تقسیم کرنے کے دوران بھی ٹرمپ توجہ کا مرکز بنے تھے، جب وہ ٹرافی پیش کرنے کے بعد اسٹیج پر ہی موجود رہے، جس پر بعض کھلاڑی حیران دکھائی دیے۔
اب فٹ بال کے سب سے بڑے مقابلے کے فائنل پر ان کی متوقع آمد ایک بار پھر عالمی توجہ کا مرکز بن گئی ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔