ملک کے مختلف حصوں میں گرج چمک کیساتھ بارشوں کا امکان، الرٹ جاری
اسلام آباد: این ڈی ایم اے نے 16 سے 20 جون کے دوران متوقع موسمی صورت حال اور ممکنہ خطرات کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق مغربی ہواؤں کا ایک سلسلہ ملک کے بالائی اور شمالی علاقوں کو متاثر کرے گا، جس کے باعث تیز ہوائیں، گرج چمک کے ساتھ بارش اور بعض مقامات پر ژالہ باری متوقع ہے۔
الرٹ کے مطابق اسلام آباد اور پنجاب کے مختلف علاقوں، جن میں راولپنڈی، مری، اٹک، چکوال، تلہ گنگ، منڈی بہاؤالدین، سرگودھا، گوجر خان، گجرات، جہلم، سیالکوٹ، گوجرانوالا، حافظ آباد، فیصل آباد، خوشاب، جھنگ، ڈیرہ غازی خان، قصور، اوکاڑہ، ساہیوال، بہاولپور اور رحیم یار خان شامل ہیں، میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
اسی طرح گلگت بلتستان، آزاد کشمیر، خیبرپختونخوا، بلوچستان اور سندھ کے متعدد اضلاع میں بھی بارشوں اور تیز ہواؤں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ 16 سے 19 جون کے دوران خیبر پختون خوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بارشوں اور بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کے باعث سیلابی صورت حال پیدا ہوسکتی ہے۔
تیزی سے پگھلتے گلیشیئرز اور برفانی جھیلوں کے بند ٹوٹنے سے پہاڑی ندی نالوں میں شدید پانی کے بہاؤ اور گلیشیائی جھیلوں کے سیلاب (گلاف) کا خطرہ موجود ہے، حسن آباد، شسپر، گلکن، گلمیت، پاسو، نگر، غزر، اسکردو اور شگر کو زیادہ حساس علاقے قرار دیا گیا ہے۔
اتھارٹی کے مطابق شدید بارشوں، سیلابی صورت حال اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث رابطہ سڑکوں کی بندش کا بھی خدشہ ہے۔
این ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو حساس شاہراہوں اور پہاڑی علاقوں میں ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے سیاحوں اور مسافروں کو مشورہ دیا ہے کہ شمالی علاقوں کا سفر کرنے سے قبل موسم اور سڑکوں کی صورت حال ضرور چیک کریں۔
محکمۂ موسمیات نے کشمیر اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں آئندہ دو سے چار گھنٹوں کے دوران تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق مری، ایبٹ آباد، بھمبر، کوٹلی، باغ، چکوال، جہلم، سرگودھا، منڈی بہاؤالدین اور گردونواح میں بارش اور تیز ہواؤں کا امکان ہے۔
محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ ساہیوال، بورے والا، عارف والا، پاکپتن، وہاڑی، خانیوال اور بہاولنگر میں بھی آندھی چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
متعلقہ علاقوں میں شہریوں کو موسمی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
محکمۂ موسمیات نے عوام سے اپیل کی ہے کہ خراب موسم کے دوران محفوظ مقامات پر رہیں، موسم سے متعلق تازہ اطلاعات پر نظر رکھیں اور کسی بھی ہنگامی صورت حال میں مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں۔