ثاقب چڈھر کے خلاف ایک اور خاتون نے مقدمہ درج کرادیا
لاہور: مومنہ اقبال کے ہراسانی کیس کے مرکزی کردار، مسلم لیگ ن کے ایم پی اے ثاقب چڈھر کے خلاف لاہور میں تین علیحدہ مقدمات درج ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
ثاقب چدھڑ کے خلاف لاہور کے تھانہ ڈیفنس اے میں مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ تینوں مقدمات ماہ رخ عارف نامی خاتون کی مدعیت میں درج کیے گئے۔
اطلاعات کے مطابق یہ تینوں مقدمات چیک ڈس آنر کے تحت درج کیے گئے ہیں۔ ایف آئی آر کے متن کے مطابق 27 کروڑ روپے مالیت کے 3 چیک ڈس آنر ہوئے۔
مدعی مقدمہ خاتون نے کہا کہ کینسر کی مریضہ ہوں، جائیداد بیچنے کے لیے ثاقب چڈھر سے رابطہ کیا۔ ثاقب اور اکبر خان نامی دو ملزمان کو ڈیوس روڈ پر جائیداد فروخت کی۔ 60 کروڑ روپے مالیت کی جائیداد کا سودا ہوا اور 9 کروڑ روپے مالیت کے 3 چیک دیے گئے۔
ایف آئی آر میں مزید درج کیا گیا کہ اکاؤنٹ میں رقم نہ ہونے پر تینوں چیک ڈس آنر ہوگئے، پیسوں کا مطالبہ کرنے پر واپس دینے سے انکار کردیا گیا۔ پولیس نے مقدمات درج کرکے مزید کارروائی شروع کردی ہے۔
خیال رہے کہ اداکارہ مومنہ اقبال کی جانب سے بھی ثاقب چڈھر کے خلاف مقدمہ درج کرایا گیا تھا، جس میں اداکارہ نے ان پر ہراسانی سمیت سنگین الزامات عائد کیے تھے۔