شہرت و مقبولیت ہمیشہ نہیں رہتے، ہر طرح کے کرداروں کیلئے تیار ہوں، ماہرہ
کراچی: بین الاقوامی شہرت یافتہ پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان نے کہا ہے کہ وہ اپنی زندگی کے موجودہ مرحلے سے مکمل طور پر مطمئن ہیں اور انہیں اس بات کی کوئی فکر نہیں کہ ایک وقت ایسا آئے گا جب انہیں روایتی ہیروئن کے کردار ملنا بند ہوجائیں گے۔
دبئی میں منعقدہ ایک ادبی و ثقافتی تقریب کے دوران ’’کہانی سے کردار‘‘ کے عنوان سے ہونے والی خصوصی نشست میں گفتگو کرتے ہوئے ماہرہ خان نے شہرت، کامیابی اور عمر کے ساتھ بدلتے ہوئے کرداروں کے بارے میں کھل کر اظہارِ خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ انہیں کامیابی اور مداحوں کی محبت دونوں بے حد عزیز ہیں اور وہ اپنے فینز کے ساتھ تعلق کو اپنی زندگی کا اہم حصہ سمجھتی ہیں۔
ماہرہ خان کا کہنا تھا کہ انہیں خوشی ہوتی ہے جب لوگ ان سے محبت کا اظہار کرتے ہیں، تاہم وہ یہ حقیقت بھی تسلیم کرتی ہیں کہ شہرت اور مقبولیت ہمیشہ برقرار نہیں رہتیں۔ ان کے مطابق یہی وجہ ہے کہ وہ اپنی توجہ ہمیشہ اپنے کام اور محنت پر مرکوز رکھتی ہیں۔
ماہرہ نے مزید کہا کہ شہرت اور کامیابی عارضی چیزیں ہیں، جو آج موجود ہیں اور کل بدل بھی سکتی ہیں، اس لیے وہ انہیں اپنی زندگی کا مقصد نہیں سمجھتیں۔ انہوں نے نہایت اعتماد کے ساتھ کہا کہ وہ اپنی موجودہ عمر اور اس اسٹیج سے بھرپور لطف اندوز ہورہی ہیں اور اس حقیقت کے ساتھ مکمل طور پر مطمئن ہیں کہ وقت کے ساتھ روایتی ہیروئن کے کردار کم بھی ہوسکتے ہیں۔
ماہرہ خان نے ہدایت کاروں اور پروڈیوسرز سے یہ درخواست بھی کی کہ انہیں صرف مخصوص یا روایتی کرداروں تک محدود نہ رکھا جائے بلکہ مختلف اور منفرد کرداروں میں موقع دیا جائے تاکہ وہ اپنی اداکاری کے نئے پہلو بھی ناظرین کے سامنے پیش کرسکیں۔
سوشل میڈیا پر ماہرہ خان کے اس بیان کو خوب پذیرائی مل رہی ہے، جہاں مداح ان کی خود اعتمادی، حقیقت پسندی اور فن سے وابستگی کو سراہ رہے ہیں۔