کراچی: شارع فیصل پر لین کی خلاف ورزی پر ای چالان کا سلسلہ شروع
کراچی: شہر قائد میں ٹریفک قوانین پر عمل درآمد مزید سخت کرنے کے لیے ٹریفک پولیس نے لین کی خلاف ورزی پر ای چالان کا آغاز کردیا ہے۔
ابتدائی مرحلے میں یہ نظام صرف شارع فیصل پر نافذ کیا گیا ہے، تاہم مستقبل میں اسے شہر کی دیگر اہم شاہراہوں تک بھی توسیع دی جائے گی۔
ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنی گاڑیاں مقررہ لین میں چلائیں اور موٹر سائیکلوں، بسوں اور کاروں سمیت تمام گاڑیوں کے ڈرائیور لین ڈسپلن کی پابندی یقینی بنائیں۔
ٹریفک حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے قبل شہریوں میں شعور اجاگر کرنے کے لیے آگاہی مہم بھی چلائی گئی تھی، تاہم ٹریفک نظم و ضبط برقرار رکھنے کے لیے شہریوں کو بھی اپنی ذمے داری کا احساس کرنا ہوگا۔
ترجمان کے مطابق لین کی پابندی سے نہ صرف ٹریفک کی روانی بہتر ہوگی، بلکہ سڑک حادثات میں بھی نمایاں کمی لانے میں مدد ملے گی۔