ممیا شجافر کا خطرناک بیماری میں مبتلا ہونے کا انکشاف
کراچی: ابھرتی ہوئی اداکارہ ممیا شجافر نے اپنی زندگی کے ایک مشکل دور سے پردہ اٹھاتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ وہ ایک سنگین بیماری کا شکار رہی ہیں، جس کے باعث انہیں طویل عرصے تک علاج کروانا پڑا اور ان کی پیشہ ورانہ سرگرمیاں بھی متاثر ہوئیں۔
حال ہی میں ایک نجی ٹی وی چینل کی عید اسپیشل نشریات میں گفتگو کرتے ہوئے ممیا شجافر نے اپنی نئی فلم ’لوو دی سوں‘ کی تیاری اور شوٹنگ کے دوران پیش آنے والی مشکلات کا ذکر کیا۔ انہوں نے بتایا کہ فلم کی تکمیل میں قریباً تین سال لگ گئے کیونکہ ایک طرف وہ دیگر منصوبوں میں مصروف تھیں جب کہ دوسری جانب صحت کے مسائل نے بھی ان کی رفتار سست کردی تھی۔
اداکارہ نے بتایا کہ اس عرصے کے دوران وہ شدید علیل ہوگئی تھیں اور انہیں باقاعدہ طبی علاج سے گزرنا پڑا۔ ممیا کے مطابق وہ ایسی ادویہ استعمال کررہی تھیں جو کینسر کے علاج میں دی جانے والی دواؤں جیسی تھیں، جس کے باعث ان کے لیے یہ وقت جسمانی اور ذہنی طور پر خاصا کٹھن ثابت ہوا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ بیماری سے مکمل صحت یاب ہونے میں قریباً آٹھ ماہ کا عرصہ لگا۔ اس دوران ڈاکٹروں کی ہدایات پر عمل اور مسلسل علاج ان کی زندگی کا اہم حصہ بن گیا تھا۔ ممیا شجافر کا کہنا تھا کہ خوش قسمتی سے اب وہ مکمل طور پر صحت مند ہیں اور دوبارہ اپنے کاموں میں سرگرم ہوچکی ہیں۔
ممیا شجافر نے اس بات پر بھی زور دیا کہ جس بیماری کا انہیں سامنا تھا، اس کے لیے بروقت اور مناسب علاج بے حد ضروری تھا۔ ان کے مطابق صحت کے مسائل کو نظرانداز کرنے کے بجائے فوری طبی مدد حاصل کرنا ہی بہتر حکمتِ عملی ہوتی ہے۔
ممیا شجافر کے اس انکشاف کے بعد مداحوں نے ان کی ہمت اور حوصلے کو سراہتے ہوئے صحت مند زندگی کی دعا کی ہے جب کہ شوبز حلقوں میں بھی ان کی جلد صحت یابی اور کامیاب واپسی کو خوش آئند قرار دیا جارہا ہے۔