آج کل کے اداکاروں کے پروٹوکولز کو ہم افورڈ نہیں کرسکتے، سید نور
لاہور: لولی وُڈ کے نامور ڈائریکٹر سید نور نے اپنی فلم کے لیے ہیروئن کی تلاش میں دشواری کا انکشاف کیا ہے۔
ایک انٹرویو میں سید نور نے کہا کہ پہلے تو اداکار بہت تعاون کرنے والے ہوتے تھے، میں نئے اداکاروں کے ساتھ کام کررہا ہوں لیکن میں نے سنا ہے کہ اب اداکار کہتے ہیں میرے پاس سیکریٹری ہوگا، پرسنل میک اپ آرٹسٹ اور ہیئر ڈریسر ہوگا، بزنس کلاس کا ٹکٹ اور وینیٹی ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ یعنی اداکاروں کی کام کی طرف توجہ نہیں ہے، دوسری چیزوں کی طرف دھیان ہے، جو لوگ ان کو افورڈ کرسکتے ہیں کررہے ہیں لیکن ہم نہیں کرسکتے، اس لیے ہم نئے لوگوں کے ساتھ کام کررہے ہیں، ہم نے ساری زندگی نئے لوگوں کے ساتھ ہی کام کیا ہے۔
سید نور نے مزید کہا میں یہ نہیں کہتا کہ اداکاروں کے نخرے ہیں، انہیں پروٹوکولز کہوں گا، اسی لیے نئی فلم ‘چوڑیاں 2’ کیلئے ہیروئن کو کاسٹ کرنے میں دشواری پیش آرہی ہے۔