معروف فیشن ڈیزائنر دیپک پروانی تین ماہ میں تیسری بار لٹ گئے
کراچی: شہر قائد میں بڑھتے ہوئے اسٹریٹ کرائمز نے عام شہریوں کے ساتھ معروف شخصیات کو بھی شدید عدم تحفظ کا شکار بنادیا ہے۔ نامور فیشن ڈیزائنر دیپک پروانی نے انکشاف کیا ہے کہ وہ صرف تین ماہ کے مختصر عرصے میں کراچی میں تین مرتبہ ڈکیتی کی وارداتوں کا سامنا کرچکے ہیں۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے بیان میں دیپک پروانی نے بتایا کہ مسلح ملزمان مختلف مواقع پر ان سے گاڑی، موٹر سائیکل اور نقد رقم چھین کر فرار ہوگئے۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ مسئلہ محض انفرادی نہیں بلکہ کراچی میں جرائم کی بگڑتی ہوئی مجموعی صورت حال کی عکاسی کرتا ہے۔
فیشن ڈیزائنر کے مطابق ان کے اسٹاف کے افراد بھی مسلسل جرائم کی لپیٹ میں آ رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ایک ملازم کے گھر میں صرف ایک ماہ کے دوران دو مرتبہ چوری ہوئی جب کہ ایک اور ملازم کے بیٹے کو بھتہ نہ دینے پر تشدد کا سامنا کرنا پڑا۔
دیپک پروانی نے کراچی میں بڑھتی بدامنی، مہنگائی اور عوامی مشکلات پر شدید تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ شہر میں حالات خطرناک رخ اختیار کرچکے ہیں، جہاں شہری نہ صرف مالی بلکہ جانی خطرات سے بھی دوچار ہیں۔
ان کے بیان کے بعد سوشل میڈیا پر شہریوں کی بڑی تعداد نے ردعمل دیتے ہوئے کراچی میں امن و امان کی بگڑتی صورت حال پر افسوس کا اظہار کیا۔ متعدد صارفین نے شہر کو بڑھتے جرائم کے باعث غیر محفوظ قرار دیا جب کہ کئی افراد نے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے فوری اور مؤثر کارروائی کا مطالبہ کیا۔
خیال رہے کہ دیپک پروانی پاکستان کی فیشن انڈسٹری کا ایک نمایاں نام ہیں، جو کئی بین الاقوامی و قومی اعزازات حاصل کرچکے ہیں اور دنیا کا سب سے بڑا کرتا ڈیزائن کرنے کا منفرد ریکارڈ بھی رکھتے ہیں۔ تاہم ان جیسے معروف فرد کا بار بار جرائم کا نشانہ بننا کراچی میں سیکیورٹی کی سنگینی کو مزید نمایاں کر رہا ہے۔