سیاسی ماحول دیکھ کر کئی بار شوبز کو خیرباد کہنے کا سوچا، علی ظفر
کراچی: عالمی شہرت یافتہ گلوکار و اداکار علی ظفر نے انکشاف کیا ہے کہ انڈسٹری میں سیاسی ماحول دیکھ کر کئی بار شوبز کو خیرباد کہنے کا سوچا ہے۔
ایک انٹرویو کے دوران گفتگو کرتے ہوئے علی ظفرنے شوبز کو مکمل طور پر خیرباد کہنے سے متعلق اپنے جذبات کا اظہار کیا۔
علی ظفر نے کہا کہ میں اپنے کیریئر سے محبت کرتا ہوں، مجھے پاکستان سے بے پناہ محبت اور عزت ملی ہے، لیکن دل سے محض ایک فنکار ہوں، ایک معصوم خواہش کے ساتھ شوبز میں آیا تھا کہ صرف فن تخلیق کروں۔
علی ظفر نے کہا کہ میری واحد خواہش یہی تھی کہ تخلیقی کام جاری رکھوں، لیکن جب اس شعبے میں سیاست شامل ہوجاتی ہے اور انسان کو متاثر کرتی ہے تو وہ انسان کو بدل کر کچھ اور بنادیتی ہے، اسی مرحلے پر میں نے سوچا کہ شاید سب کچھ چھوڑ دینا ہی بہتر ہو۔
انہوں نے کہا کہ مشکل وقت میں میرے اہل خانہ کی حمایت ہی وہ عنصر تھا جس نے مجھے ہر آزمائش سے نکالنے میں اہم کردار ادا کیا۔