پاکستان میں ایران اور امریکا کی کوئی ملاقات طے نہیں، ایران

تہران/اسلام آباد: ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے ایران اور امریکا کے درمیان کسی بھی ممکنہ ملاقات کے منصوبے کی سختی سے تردید کردی ہے۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں بتایا کہ وہ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کے ہمراہ سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچے ہیں، جہاں وہ پاکستان کی اعلیٰ قیادت سے اہم ملاقاتیں کریں گے۔
ترجمان کے مطابق اس دورے کے دوران پاکستان کی جانب سے جاری ثالثی کوششوں سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا جب کہ خطے میں امن و استحکام کی صورت حال بھی زیرِ غور آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ بات چیت میں امریکا کی جانب سے مسلط کردہ جارحانہ اقدامات کے خاتمے اور خطے میں امن کی بحالی جیسے اہم معاملات بھی شامل ہوں گے۔
اسماعیل بقائی نے واضح کیا کہ اس دورے میں ایران اور امریکا کے درمیان کسی بھی سطح پر ملاقات طے نہیں ہے، تاہم ایرانی وفد پاکستان کو اپنے مؤقف اور مشاہدات سے آگاہ کرے گا۔
دھیان رہے کہ اس سے قبل وائٹ ہاؤس ترجمان نے امریکی میڈیا کو انٹرویو میں کہا تھا کہ ایران نے اس حوالے سے خود رابطہ کیا اور بالمشافہ ملاقات کی درخواست کی تھی، ترجمان نے امن مذاکرات میں امریکی وفد کی شرکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر ہفتے کی صبح مذاکرات کے لیے پاکستان روانہ ہوں گے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔