خیبر میں سیکیورٹی فورسز کا انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن، 22 خوارج جہنم واصل
راولپنڈی: خیبر میں سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں 22 خوارج ہلاک ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آپریشن 21 اپریل کو کیا گیا تھا، آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 22 خوارج مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ گرفتاری کے خوف اور بزدلی کے باعث خوارج نے اندھا دھند فائرنگ کی، جس کی زد میں آکر ایک 10 سالہ معصوم بچہ شہید ہوگیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق خوارج علاقے میں متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث تھے اور ان کے قبضے سے اسلحہ اور گولا بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ علاقے میں موجود مزید کسی بھی خارجی کے خاتمے کے لیے سرچ اور کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔