پی ایس ایل گیارہ کا دوسرا مرحلہ، کراچی میں پہلا میچ آج ہوگا

کراچی: پی ایس ایل 11 کا دوسرا مرحلہ آج سے نیشنل اسٹیڈیم میں شروع ہو رہا ہے جس کے لیے تیاریوں کو حتمی شکل دی جارہی ہے۔
بہترین اور موزوں کنڈیشنز میں تماشائیوں کے بغیر ہونے والے کوالیفائر سمیت 22 میچز میں چوکوں اور چھکوں کی برسات ہوگی۔ میچز کے لیے 8 وکٹیں تیار کی گئی ہیں۔
28 اپریل تک کراچی میں کھیلے جانے والے مقابلوں میں تجربہ کار اور نوجوان بولرز اور بیٹرز کے امتزاج والی ٹیموں کے درمیان گرم موسم میں سنسنی مقابلے متوقع ہیں۔ بیٹنگ کے لیے سازگار وکٹوں پر اسپنرز کے لیے بھی مناسب مواقع میسر ہوں گے۔
پہلے روز لیگ میں شامل نئی فرنچائز حیدرآباد کنگزمین اور پشاور زلمی کی مضبوط ٹیم کے درمیان دلچسپ ٹاکرا متوقع ہے۔
لیگ کے 15 ویں میچ کا آغاز شام 7 بجے ہوگا۔ میچز کے پُرامن انعقاد کے لیے سخت ترین حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔
بغیر چھتوں والے انکلوژرز کی نشستوں کی صفائی کا عمل مکمل کرلیا گیا، براڈ کاسٹرز نے اپنی ذمے داریاں سنبھال لیں، میچز کے دوران مناظر کو دلچسپ اور قابل دید بنانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال ہوگا۔
نئی مرکزی عمارت پر پاکستان، پی سی بی، پی ایس ایل اور لیگ میں شریک تمام 8 ٹیموں کے جھنڈے آویزاں کردیے گئے ہیں۔
سیکیورٹی انتظامات کو بھی حتمی شکل دے دی گئی ہے، تمام شریک ٹیموں کو وی وی آئی پی سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔