پاکستان کی سفارتی کوششیں رنگ لانے لگیں، ایرانی سفیر کا بڑا بیان
اسلام آباد: پاکستان کی جانب سے جنگ بندی کے لیے کی جانے والی سفارتی کوششیں ایک اہم مرحلے میں داخل ہوگئی ہیں، جس پر عالمی سطح پر بھی توجہ مرکوز ہے۔ پاکستان میں تعینات ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں ان کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی خیرسگالی اور سفارتی سرگرمیاں مثبت سمت میں آگے بڑھ رہی ہیں۔
ایرانی سفیر کے مطابق، پاکستان نے خطے میں کشیدگی کم کرنے اور امن کے قیام کے لیے سنجیدہ اقدامات کیے ہیں، جو اَب فیصلہ کُن مرحلے میں داخل ہو چکے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کوششوں کے نتائج کے حوالے سے جلد مزید تفصیلات سامنے آئیں گی، جس کا سب کو بے صبری سے انتظار ہے۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ پاکستان کا یہ کردار نہ صرف خطے بلکہ عالمی امن کے لیے بھی اہم ثابت ہوسکتا ہے۔ موجودہ صورت حال میں پاکستان کی متحرک سفارت کاری ایک مثبت پیش رفت کے طور پر دیکھی جارہی ہے، جو ممکنہ طور پر کشیدگی میں کمی کا باعث بن سکتی ہے۔