کلفٹن کے سپراسٹور میں لگی آگ 9 گھنٹے بعد بھی قابو میں نہ آسکی
کراچی: شہر قائد کے پوش علاقے کلفٹن میں واقع زمزمہ پارک کے قریب ایک سپر اسٹور میں لگنے والی آگ نے شہریوں میں تشویش کی لہر دوڑا دی ہے۔ آگ لگنے کے قریباً 9 گھنٹے گزر جانے کے باوجود اس پر مکمل طور پر قابو نہیں پایا جا سکا، تاہم فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ صورت حال اب کسی حد تک کنٹرول میں ہے اور آگ کو عمارت کے دیگر حصوں تک پھیلنے سے روک دیا گیا ہے۔
فائر بریگیڈ کے مطابق آگ سپر اسٹور کے بیسمنٹ میں لگی، جہاں بڑی مقدار میں سامان ذخیرہ کیا گیا تھا۔ بیسمنٹ میں موجود گودام میں آتش گیر مواد کی موجودگی کے باعث آگ نے شدت اختیار کی، جس کی وجہ سے اسے بجھانے میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ دھویں کے گھنے بادل دُور دُور تک دیکھے گئے، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور شہریوں نے احتیاطاً اطراف سے دوری اختیار کرلی۔
ریسکیو حکام کے مطابق آگ بجھانے کے لیے فائر بریگیڈ کی 15 گاڑیاں مسلسل کارروائی میں مصروف ہیں جب کہ عملہ جدید آلات کی مدد سے بیسمنٹ تک رسائی حاصل کرنے کی کوشش کررہا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ آگ پر مکمل قابو پانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جارہے ہیں اور جلد صورت حال کو مکمل طور پر نارمل بنالیا جائے گا۔
تاحال کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، تاہم حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ متاثرہ علاقے سے دُور رہیں اور امدادی کارروائیوں میں رکاوٹ نہ ڈالیں۔