سینئر اداکار جونیئرز کی معمولی باتوں پر بھی خامیاں نکالتے ہیں، عینہ آصف
کراچی: بہت کم عرصے میں شہرت کی بلندیوں پر پہنچنے والی اداکارہ عینہ آصف نے سیٹ پر سینئر اداکاروں کے بُرے رویے سے متعلق انکشافات کیے ہیں۔
حال ہی میں نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے اداکارہ نے بتایا کہ بڑے اسٹارز یا سینئر اداکار سیٹ پر نئے یا چھوٹے اداکاروں کو چھوٹی چھوٹی باتوں پر ٹوکتے اور ان میں خامیاں نکالتے ہیں۔
عینہ آصف نے کہا کبھی کبھی ایسے ہوتا ہے کہ اگر ہم کچھ بول دیں تو وہ ہمیں ایسے دیکھیں گے جیسے ہم نے پتا نہیں کتنی احمقانہ بات کردی، لیکن ہمیں پتا ہوتا ہے کہ یہ کوئی اتنی بڑی بات نہیں تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ لوگ ایسے اس لیے کرتے ہیں تاکہ ہم غیر آرام دہ محسوس کریں، سیٹ پر ایسی چیزیں بھی ہوتی ہیں کہ میں کوئی سین کررہی ہوں اور میرے لیے اہم سین ہے تو وہ لوگ باتیں شروع کردیں گے یا کچھ ایسا کریں گے کہ دھیان بٹے۔
عینہ آصف نے مزید کہا، پہلے مجھے بہت غصہ آتا تھا، لیکن اب یہ ہر سیٹ پر اس قدر ہوتا ہے کہ اب میں کہتی ہوں جانے دو، کسی کو کتنا ہی روک لیں گے۔