پاکستانی کرکٹرز انگلش میدان آباد کرنے پر آمادہ اور پُرجوش ہیں، وسیم خان

کراچی: پاکستانی کرکٹرز نے انگلش میدان آباد کرنے پر آمادگی ظاہر کردی جب کہ پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہنا ہے کہ کسی نے بھی دورے سے انکار نہیں کیا اور ہمیں باضابطہ طور پر دستیابی ظاہر کی۔
وسیم خان کا کہنا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے مستقبل پر آئی سی سی 28 مئی کو تبادلہ خیال کرے گی، ایونٹ ملتوی ہونے پر اگر شیڈول اگلے سال پی ایس ایل سے متصادم ہوا تو بھرپور مخالفت کریں گے، البتہ مجھے ایسا لگتا ہے کہ اکتوبر، نومبر 2021 میں ہی انعقاد ہوگا۔
ان خیالات کا اظہار وسیم خان نے میڈیا سے گفتگو میں کیا۔ کورونا وبا کے باعث پاکستان ٹیم کے دورۂ انگلینڈ کا شیڈول تبدیل ہورہا ہے، سیریز کا انعقاد جولائی، اگست میں کیا جائے گا، پی سی بی نے دورے پر اصولی رضامندی ظاہر کردی تھی، گذشتہ دنوں کھلاڑیوں کو بھی اس حوالے سے اعتماد میں لیتے ہوئے فیصلے کا اختیار دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ کسی نے بھی انکار نہیں کیا، سب سیریز کے لیے پْرجوش اور پی سی بی پر مکمل اعتماد کرتے ہیں، انگلش کرکٹ بورڈ بھرپور انتظامات کررہا ہے، ہمیں اس پر کوئی شبہ نہیں، ہمارے لیے کھلاڑیوں کی صحت و حفاظت پہلے اور کرکٹ دوسرے نمبر پر ہے، ان کے لیے جو اچھا ہوگا ہم وہی کریں گے۔
پی سی بی چیف ایگزیکٹو نے کہا کہ دورۂ انگلینڈ کے حوالے سے مزید پیش رفت میں 2 سے 3 ہفتے لگ جائیں گے، انگلش کرکٹ بورڈ ایک اور وڈیو کانفرنس کا اہتمام کرے گا، جون کے پہلے ہفتے میں ایسا ہوسکتا ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔