ایران پر حملوں کا 17 واں روز، تہران پر بم باری

تہران: امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملوں کا سلسلہ جاری ہے اور جنگ کے 17 ویں روز مشرق وسطیٰ کے مختلف علاقوں میں کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے۔
رپورٹس کے مطابق تہران میں اسرائیل نے ایک بار پھر فضائی حملوں کی نئی لہر شروع کی، جس کے بعد ایرانی میڈیا نے اطلاع دی کہ دارالحکومت کے اوپر ایرانی فضائی دفاعی نظام نے مبینہ دشمن اہداف کو نشانہ بنانے کے لیے کارروائی کی۔
خلیجی خطے میں بھی صورت حال کشیدہ رہی۔ حکام کے مطابق دبئی ایئرپورٹ کے قریب ایک ڈرون سے متعلق واقعے کے بعد فیول ٹینک کے قریب آگ بھڑک اٹھی، جس کے باعث پروازوں کا نظام عارضی طور پر متاثر ہوا۔
اسی طرح فجیرہ کے صنعتی علاقے میں بھی ڈرون حملے کے بعد آگ لگنے کی اطلاعات سامنے آئیں۔
ادھر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی کارروائیوں میں ایران کے ڈرون بنانے والے کارخانوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے اور ایران کی ڈرون سازی کی صلاحیت کو شدید نقصان پہنچایا گیا ہے۔
دوسری جانب اسرائیل کے وسطی علاقوں میں اس وقت فضائی حملے کے سائرن بج اٹھے، جب ایران کی جانب سے ایک میزائل فائر کیے جانے کی اطلاع ملی۔
اسی دوران عراق میں پی ایم ایف کے ہیڈکوارٹر پر فضائی حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں کم از کم تین افراد زخمی ہوگئے۔ عراقی فضائی دفاعی نظام نے بغداد میں امریکی سفارت خانے اور بلد ایئربیس کے قریب ڈرونز کو بھی نشانہ بنانے کی کوشش کی۔
دریں اثناء لبنان کے جنوبی علاقوں میں اسرائیلی حملے جاری ہیں اور اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ وہ حزب اللہ کے خلاف محدود زمینی کارروائیاں بھی کررہی ہے۔ لبنان میں اب تک اموات کی تعداد 850 تک پہنچ چکی ہے جن میں 100 سے زائد بچے بھی شامل ہیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔