طیارہ حادثہ میں جاں بحق ماڈل زارا عابد کی مختصر فلم ریلیز

کراچی: طیارہ حادثے میں جاں بحق ماڈل زارا عابد کی پہلی اور آخری مختصر فلم ’’سکہ‘‘ریلیز کردی گئی۔
زارا عابد نے ناصرف ماڈلنگ میں نام کمایا تھا بلکہ وہ مختصر فلم’’سکہ‘‘ کے ذریعے فلموں میں بھی قدم رکھنے جارہی تھیں، تاہم ان کی پہلی فلم ہی آخری ثابت ہوئی اور اس فلم کی ریلیز سے قبل ہی زارا عابد دنیا چھوڑ گئیں۔ زارا عابد کی موت کے بعد ان کی فلم ’’سکہ‘‘ کو یوٹیوب پر ریلیز کیا گیا ہے۔ یہ 10 منٹ دورانیے کی مختصر فلم ہے جس میں زارا عابد دو کرداروں میں نظر آرہی ہیں جن میں سے ایک کردار ماڈرن اور سیلف انڈیپنڈنٹ خاتون کا ہے جب کہ دوسرا ایک عام گھریلو لڑکی کا ہے جسے زارا عابد نے بخوبی نبھایا ہے۔
فلم کی ہدایات احمد صارم نے دی ہیں، فلم میں کوئی ڈائیلاگ نہیں، تاہم صبا قمر کی آواز میں فلم کی کہانی بیان کی گئی ہے۔ یوٹیوب پر اس مختصر فلم کو 41 ہزار سے زائد ویوز مل چکے ہیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔