یوم علیؓ: ملک بھر میں جلوس، سیکیورٹی کے سخت انتظامات
کراچی: حضرت علیؓ کا یومِ شہادت ملک بھر میں مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جارہا ہے، آج تمام چھوٹے بڑے شہروں میں جلوس برآمد کیے جائیں گے۔
کراچی میں صدر کی مختلف سڑکوں اور گلیوں کو کنٹینرر لگا کر بند کردیا گیا۔ مرکزی جلوس سے قبل نشتر پارک میں مجلس عزا منعقد ہوگی، جلوس حسینیہ ایرانیاں امام بارگاہ کھارادر پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔
راولپنڈی میں یوم علی کا مرکزی جلوس امام بارگاہ کرنل مقبول پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا، پشاور میں یوم علی کا جلوس امام بارگاہ سید عالم شاہ پر ختم ہوگا، جلوس کوچی بازار سے ہوتا ہوا واپس امام بارگاہ سید عالم شاہ پر اختتام پذیر ہوگا۔
وزیرداخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے کراچی میں یوم علی کے جلوس کے روٹ اور سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا اور سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔
وزیر داخلہ ضیا لنجار نے کہا کہ 28 فروری واقعے کی انکوائری ہورہی ہے، ابھی کچھ کہنا قبل ازوقت ہے۔ کسی کو ذمے دار نہیں ٹھہرایا جاسکتا، انہوں نے پولیس افسران کے تبادلے کو انتظامی معاملہ قرار دیا۔
یاد رہے کہ 28 فروری کو کراچی میں امریکی قونصلیٹ پر فائرنگ کے واقعے میں 11 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔