منیب بٹ نے بیٹیوں کو زندگی میں برکت قرار دے دیا
کراچی: اداکار منیب بٹ کا کہنا ہے کہ ان کی زندگی میں جب بھی بیٹی کی پیدائش ہوئی، اللہ تعالیٰ نے گھر میں خوش حالی اور برکتوں میں اضافہ کردیا۔
منیب بٹ ایک پروگرام میں شریک تھے، جہاں انہوں نے گفتگو میں اپنی فیملی لائف اور بیٹیوں سے متعلق جذباتی خیالات کا اظہار کیا۔
منیب بٹ اور ان کی اہلیہ ایمن خان شوبز انڈسٹری کے مقبول ترین جوڑوں میں شمار ہوتے ہیں۔ دونوں آج تین بیٹیوں کے والدین ہیں۔ اس جوڑی نے ہمیشہ اپنے کیریئر کے ساتھ خاندان کو بھی اولین ترجیح دی اور ایک دوسرے کا بھرپور ساتھ نبھایا۔
حال ہی میں ان کے ہاں تیسری بیٹی کی آمد ہوئی، جس کے بعد ایک نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے منیب بٹ نے اپنی خوشی اور شکر گزاری کا اظہار کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی تینوں بیٹیوں کی عمروں میں قریباً ڈھائی سال کا وقفہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ شوبز سے وابستہ کئی جوڑے بچوں کے درمیان طویل وقفہ رکھنے کی منصوبہ بندی کرتے ہیں، تاہم ان کے ہاں ایسا کوئی خاص پلان نہیں تھا اور سب کچھ فطری انداز میں ہوتا چلا گیا۔
منیب نے اس بات کا بھی ذکر کیا کہ بہت سے لوگ مالی استحکام اور بہتر منصوبہ بندی کے لیے بچوں میں زیادہ وقفہ رکھتے ہیں اور وہ اس سوچ کو سمجھتے بھی ہیں۔ تاہم ان کے مطابق زندگی کے معاملات ہمیشہ منصوبوں کے مطابق نہیں بلکہ قدرتی انداز میں آگے بڑھتے ہیں۔
منیب بٹ کا کہنا تھا کہ انہیں پہلے ہی احساس تھا کہ ان کی تیسری اولاد بھی بیٹی ہوگی۔ انہوں نے مسکراتے ہوئے بتایا کہ جب بھی ان کے گھر بیٹی آئی، زندگی میں خوشیاں اور برکتیں بڑھتی گئیں، اسی یقین کے ساتھ انہوں نے اپنی اہلیہ کو بھی پہلے ہی بتادیا تھا کہ اس بار بھی بیٹی ہی ہوگی کیونکہ گھر میں رحمتوں کا سلسلہ جاری ہے۔