پاکستانی ڈاکٹرز قبل ازوقت پیدا ہونیوالے جڑواں بچوں کی بینائی بچانے میں کامیاب
الشفاء ٹرسٹ آئی اسپتال کے ڈاکٹروں نے قبل ازوقت پیدا ہونے والے جڑواں بچوں کی بینائی کو بچاکر اہم کارنامہ انجام دے دیا۔
7 ماہ کے جڑواں بچوں ابراہیم اور اسماعیل میں آر او پی کی تشخیص ہوئی تھی، جس کے بعد ڈاکٹروں نے فوری علاج شروع کیا اور بینائی کو مستقل نقصان سے بچالیا۔
اس حوالے سے بچوں کی والدہ کا کہنا ہے کہ بروقت علاج سے میرے بچوں کی بینائی کو بچالیا گیا ہے۔
ڈاکٹر امجد کے مطابق قبل ازوقت پیدا ہونے والے بچوں کی آنکھوں کی اسکریننگ لازمی قرار دی جائے۔ انہوں نے بتایا کہ ہر سال قریباً 10 لاکھ بچے قبل ازوقت پیدا ہوتے ہیں جب کہ پیدائش کے وقت ڈیڑھ کلو گرام سے کم وزن والے بچوں کی بینائی کو زیادہ خطرہ ہوتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آکسیجن کی متوازن مقدار سے آر او پی کے امکانات کم ہوجاتے ہیں۔
خیال رہے کہ الشفاء ٹرسٹ آئی اسپتال کے مطابق بینائی متاثر ہونے والے بچوں کے آر او پی کے خصوصی پروگرام کے تحت اب تک 19 ہزار بچوں کا علاج کیا جاچکا ہے۔