بابر اعظم کی وجہ سے کوچ کے عہدے سے مستعفی ہوا، محمد یوسف

لاہور: ٹیسٹ کے عالمی ریکارڈ ہولڈر بلے باز اور سابق کپتان محمد یوسف نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں بابر اعظم کی وجہ سے کوچ کی پوسٹ سے استعفیٰ دینا پڑا۔
محمد یوسف نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ میرا استعفیٰ ابتدائی طور پر قبول نہیں کیا گیا لیکن تیسری بار استعفیٰ منظور ہوگیا۔
محمد یوسف نے انکشاف کیا کہ جب بابر فارم میں نہیں تھے تو میں نے کہا کہ ان کی بیٹنگ تکنیک خراب ہوچکی ہے، وہ تین سال سے مستقل رنز نہیں بناپا رہے تھے۔
سابق کپتان نے بتایا میں نے کہا کہ بابر اعظم کو آرام دیں، اکیڈمی میں تکنیک پر کام کیا گیا تو فارم واپس آجائے گی، اس پر سب میرے خلاف ہوگئے، آخرکار میں نے کہا کہ استعفیٰ دے دیتا ہوں، آپ جو کرنا چاہتے ہیں وہ کر لیں۔
خیال رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بھارت سے شکست پر بھی محمد یوسف نے کرکٹ میں سیاسی مداخلت کے خاتمے کا مطالبہ کرتے ہوئے موجودہ صورت حال کو ملکی کرکٹ کی تاریخ کا سیاہ ترین دور قرار دیا تھا۔
محمد یوسف کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات دیکھ کر دل خون کے آنسو روتا ہے اور ضروری ہے کہ نااہل افراد کو نہ صرف عہدوں سے بلکہ ٹیم سے بھی ہٹایا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ جب تک کرکٹ سے سیاسی اثر و رسوخ اور ذاتی مفادات کا مکمل خاتمہ نہیں ہوگا، اُس وقت تک وہ مضبوط ٹیم تشکیل نہیں دی جاسکتی جو ماضی میں پاکستان کا وقار ہوا کرتی تھی۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔