روزانہ تین کپ چائے یا کافی ڈیمینشیا سے بچانے میں معاون قرار
نیویارک: نئی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ روزانہ تین کپ چائے یا کافی پینے والے افراد میں ڈیمنشیا میں مبتلا ہونے کا خطرہ قریباً 20 فیصد تک کم ہوسکتا ہے۔
ماہرین کے مطابق اس مرض سے بچاؤ کے لیے ابتدائی احتیاط بے حد ضروری ہے جب کہ کیفین دماغ کو اس بیماری سے محفوظ رکھنے میں مددگار ثابت ہوسکتی ہے۔
تحقیق میں حاصل شدہ نتائج امریکا میں 1 لاکھ 31 ہزار افراد کے صحت کے ریکارڈز کے تجزیے پر مبنی ہیں۔
مطالعے میں شرکاء سے پوچھا گیا کہ وہ روزانہ کتنی مقدار میں کیفین والے گرم مشروبات پیتے ہیں۔ بعدازاں چار دہائیوں کے دوران ان کی یادداشت اور مجموعی صحت کا موازنہ کیا گیا۔
تحقیق میں معلوم ہوا کہ روزانہ دو سے تین کپ کیفین والی چائے یا کافی پینے والے افراد میں ڈیمنشیا کا خطرہ ان لوگوں کے مقابلے میں 15 سے 20 فیصد کم تھا جو یہ مشروبات نہیں پیتے تھے۔ تاہم، تین کپ سے زیادہ چائے یا کافی پینے سے کوئی اضافی فائدہ نہیں دیکھا گیا۔
مزید یہ کہ کیفین والی کافی پینے والوں میں دماغی صلاحیتوں میں کمی نسبتاً کم دیکھی گئی جب کہ ڈی کیف کافی استعمال کرنے والوں کے مقابلے میں انہوں نے بعض دماغی ٹیسٹوں میں بہتر کارکردگی بھی دکھائی۔