رمضان کا چاند دیکھنے کیلئے رویت کمیٹی کا اجلاس 18 فروری کو ہوگا
اسلام آباد: ملک میں رمضان المبارک کا آغاز کب ہوگا؟ اس حوالے سے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اہم اجلاس 18 فروری کو پشاور میں طلب کر لیا گیا ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق اجلاس کی صدارت چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان مولانا سید عبدالخبیر آزاد کریں گے، جس میں ماہ رمضان المبارک 1447ھ کے چاند کی رویت کا فیصلہ اور اعلان کیا جائے گا۔
اجلاس میں مرکزی و زونل رویت ہلال کمیٹی پشاور کے ارکان شریک ہوں گے جب کہ وزارت مذہبی امور حکومت پاکستان سے ڈائریکٹر جنرل حافظ عبدالقدوس، محکمہ سپارکو سے شوکت اللہ خان، محکمہ موسمیات سے ڈاکٹر حسن علی بیگ اور وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سے زین العابدین بھی شرکت کریں گے۔
چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا سید عبدالخبیر آزاد نے تمام اہلیان پاکستان سے اپیل کی ہے کہ ماہ رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کا خصوصی اہتمام کریں۔
انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہمارے پاکستان کو اس دفعہ بھی ایک ہی دن روزہ عطا فرمائے۔