اسلام آباد میں امام بارگاہ پر خودکُش حملہ، علامہ احسان صدیقی کی شدید مذمت
کینیڈا: عالمی امن و انسانی حقوق کے سفیرِ خصوصی، چیئرمین انٹرفیتھ کمیشن برائے امن و ہم آہنگی (ICPH) اور انٹرنیشنل ریلیجس فریڈم راؤنڈ ٹیبل پاکستان کے کو-چیئرمین، امام علامہ محمد احسان صدیقی نے کہا کہ امام بارگاہ میں پیش آنے والا یہ المناک واقعہ نہایت دل دہلا دینے والا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرا دل اس سفاک حملے میں متاثر ہونے والے بھائیوں کے ساتھ ہے۔
انہوں نے اس بزدلانہ کارروائی کو معصوم نمازیوں اور عبادت گاہ کے تقدس پر حملہ قرار دیتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے ایسے واقعات نہ صرف اسلامی تعلیمات کے سراسر منافی ہیں بلکہ انسانیت کے خلاف بھی سنگین جرم ہیں، جنہیں کسی صورت برداشت نہیں کیا جاسکتا۔
امام علامہ احسان صدیقی نے شہداء کے لواحقین سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔
انہوں نے اس دکھ کی گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اعلان کیا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف متحد اور پاک افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور امن، ہم آہنگی اور قومی وحدت کو نقصان پہنچانے والی تمام قوتوں کو شکست دی جائے گی۔
انہوں نے ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے والے اداروں اور زندہ بچ جانے والوں کے لیے دعاؤں کا اظہار کیا اور جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے تعزیت کی۔ آخر میں انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کو اپنی رحمت و مغفرت سے نوازے، ملک دشمن عناصر کو عبرت ناک انجام تک پہنچائے اور ملک میں بھائی چارے اور امن کو فروغ دے۔ (آمین)