افریقی ملک کانگو میں کان بیٹھنے سے 200 افراد ہلاک
کنشاسا: وسطی افریقی ملک کانگو میں کالٹن دھات کی کان بیٹھ گئی، جس کے نتیجے میں 200 سے زائد افراد کی اموات کی اطلاعات ہیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق مشرقی کانگو کے علاقے ربایا میں باغی گروپ کے زیر اثر صوبے میں بدھ کے روز کالٹن کی کان بیٹھی جس کے نتیجے میں 200 سے زائد اموات ہوئیں تاہم جمعہ تک ہلاک افراد کی صحیح تعداد کا تعین نہ ہوسکا۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ لینڈ سلائیڈنگ کے باعث بیٹھنے والی کان کے متاثرین میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں جب کہ حادثے میں 20 افراد شدید زخمی بھی ہوئے جنہیں طبی مراکز میں امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
متاثرہ ربایا صوبے کے حکام کے مطابق بارشوں کے سیزن کے باعث زمین بہت زیادہ نرم ہونے کی وجہ سے کان بیٹھ گئی اور کان میں موجود افراد دب گئے۔
دھیان رہے کہ ربایا دنیا کے کالٹن کا 15 فیصد پروڈیوس کرتا ہے جس سے موبائل فونز، کمپیوٹرز، ایرواسپیس اور ٹربائز کی تیاری میں بڑے پیمانے پر استعمال ہونے والی ٹینٹالم دھات تیار کی جاتی ہے۔