کیا فٹ بال ورلڈکپ سے پہلے ٹرافی پاکستان آرہی ہے؟

کراچی: فیفا ورلڈکپ ٹرافی کا میگا ایونٹ سے پہلے دورۂ پاکستان متوقع ہے۔
پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے چیف آپریٹنگ آفیسر شاہد کھوکھر نے نجی ٹی وی سے گفتگو میں بڑا انکشاف کرڈالا۔
فیفا اور اے ایف سی کے ساتھ گہرے روابط رکھنے والے شاہد کھوکھر نے پاکستان میں فٹ بال کے 10 سالہ بحران کے حل میں بنیادی کردار ادا کیا ہے۔
پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شاہد کھوکھر نے کہا کہ فٹ بال کی عالمی تنطیم کے سربراہ جیانی انفینٹینو کی پاکستان آمد رواں برس کسی بھی وقت ممکن ہوسکتی ہے جو ملک میں فٹ بال کی ترقی کے نئے دروازے کھولے گی۔
انہوں نے کہا کہ فیفا کی مدد سے پاکستان میں فٹ بال کی ترقی کے لیے جامع منصوبہ بندی کی جائے گی۔
شاہد کھوکھر نے کہا کہ 2026 فٹ بال ورلڈکپ کا سال ہے، اس مناسبت سے پاکستان میں بھی پروموشنل پروگرام ہوں گے۔ رواں برس پاکستان میں پروفیشنل لیگ کرانے کا بھی پلان ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک لمبے عرصے کے بعد انتخابات ہوئے، جس کے بعد اب محسن گیلانی کی سربراہی میں پاکستان فٹ بال فیڈریشن فعال کام کررہی ہے۔
شاہد کھوکھر نے کہا کہ محسن گیلانی کا بطور فٹ بال منتظم بہت اہم کردار رہا ہے، یقین ہے کہ پاکستان میں بھی اب کھیل کو مزید فروغ ملے گا۔ پاکستان کو اس مقام تک پہنچانے کی کوشش کی جائے گی، جس کا پاکستان مستحق ہے۔
شاہد کھوکھر کا کہنا تھا کہ اس وقت میں ملک میں ووٹنگ کلبس دو ہزار 400 سے دو ہزار 500 اور پاکستان میں رجسٹرڈ فٹ بال کلبس کی تعداد 6 ہزار کے قریب ہے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ کس سطح پر کھیل کے لیے کام ہورہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں فٹ بال ہمیشہ سے مقبول رہی ہے۔ میڈیا کوریج اور بطور برینڈ بننے کے بعد اب نوجوان نسل میں فٹ بال کا جنون مزید بڑھتا جارہا ہے۔
شاہد کھوکھر نے کہا کہ ویمنز ٹیم کو فیفا سیریز کا حصہ بنایا ہے، جو بہت بڑی کامیابی ہے۔ اس سے پاکستان کو انٹرنیشنل ایونٹس زیادہ کھیلنے کو ملیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ویمنز کے ساتھ پاکستان مینز ٹیم کی پرفارمنس کا گراف بہتر کرنے پر توجہ دی جارہی ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔