سائرہ پیٹر کا صبا قمر پر فلمایا گیا گانا تنہا اکیلی ہوں ناظرین میں بے پناہ مقبول
کراچی: پاکستانی فلموں اور ڈراموں کی صفِ اول کی ہیروئن صبا قمر پر فلمایا گیا گیت “تنہا اکیلی ہوں” ناظرین میں بے پناہ مقبول ہوگیا ہے۔ یہ گانا پاکستان کی پہلی اوپیرا سنگر سائرہ پیٹر کی دل چھو لینے والی آواز میں پیش کیا گیا ہے۔ گانے کی کمپوزیشن معروف موسیقار نوید ناشاد نے کی ہے۔ سائرہ پیٹر اس سے قبل بھی نوید ناشاد کے کمپوز کیے ہوئے متعدد یادگار گانوں میں شامل رہی ہیں، جن میں “دل آویز” کا ٹائٹل سانگ، “تنہائی کو زہر مانتے ہیں”، “گرفت” اور “نیہر” کے ٹائٹل سانگز شامل ہیں۔

لندن میں مقیم اوپیرا اسٹار سائرہ پیٹر کی آواز میں ایک منفرد ٹھہراؤ، جذباتی درد اور گہرائی محسوس ہوتی ہے، جو ناظرین کے دلوں کو دیر تک مسحور کردیتی ہے۔ ان کی آواز نہ صرف اداس اور سنجیدہ کہانیوں کے لیے بہترین سمجھی جاتی ہے بلکہ رومانی، جذباتی اور پیچیدہ کہانیوں کے لیے بھی بالکل موزوں ہے۔
ڈراموں کے او ایس ٹی میں سائرہ پیٹر کی آواز کی بڑھتی ہوئی مقبولیت نے یہ ثابت کردیا ہے کہ اوپیرا اسٹار کا فن صرف تھیٹر تک محدود نہیں بلکہ فلم، ڈرامہ اور ٹی وی موسیقی میں بھی ایک خاص مقام رکھتا ہے۔ ناظرین اور شائقین موسیقی نے گانے کو سوشل میڈیا اور یوٹیوب پر بھرپور پذیرائی دی ہے اور یہ گانا خاص طور پر نوجوانوں اور فنونِ لطیفہ کے شوقین حضرات میں بہت مقبول ہورہا ہے۔
سائرہ پیٹر کی منفرد تکنیک، آواز کی وسعت اور جذباتی رنگ نے “تنہا اکیلی ہوں” کو عام گانوں سے بالکل مختلف اور یادگار بنادیا ہے۔ موسیقار نوید ناشاد نے گانے میں سائرہ پیٹر کی اوپیرا اسٹائل کو بہترین انداز میں پروجیکٹ کیا ہے، جس سے نہ صرف گانے کی قدر بڑھ گئی بلکہ ناظرین اور سامعین کے جذبات پر بھی گہرا اثر ہوا ہے۔