نئی تحقیق میں چیلنجز سے مقابلے کیلئے گالیاں بکنا مفید قرار
کراچی: معاشرتی اعتبار سے گالم گلوچ اچھا نہیں سمجھا جاتا، لیکن تازہ ترین تحقیق میں معلوم ہوا ہے کہ گالیاں بکنا لوگوں کے لیے فوائد رکھتا ہے۔
جرنل امریکن سائیکولوجسٹ میں شائع شدہ نئی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ گالم گلوچ ایک ایسا کیلوری نیوٹرل طریقہ ہوسکتا ہے جو لوگوں کی جسمانی سرگرمیوں کو بہتر انداز میں کرنے میں مدد دے سکتا ہے۔ یہ طریقہ لوگوں کو اپنی ذہنی رکاوٹوں کو عبور کرنے اور زیادہ محنت کرنے میں مدد دیتا ہے۔
تحقیق کے مصنف ڈاکٹر رچرڈ اسٹیفنز کا کہنا تھا کہ مختلف حالتوں میں لوگ شعوری یا لاشعوری طور پر پوری جان لگانے سے خود کو روک کر رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گالم گلوچ آپ کو ایک آسان دستیاب طریقہ ہے جس سے آپ توجہ مرکوز رکھنے، پُراعتماد رہنے اور دماغ کے کم بھٹکنے میں مدد لے سکتے ہیں۔
ٹیم کی جانب سے کی گئی گزشتہ تحقیق میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ جب لوگوں نے جسمانی چیلنجز کے دوران گالم گلوچ کی تھی، ان کی بہتر کارکردگی سامنے آئی تھی۔ان چیلنجز میں دیر تک برف کے پانی میں ہاتھ رکھنا اور چیئر پُش اپ ورزش میں اپنے جسم کا وزن برداشت کرنا شامل تھے۔