پاکستان نیوی وار کالج لاہور میں آٹھویں میری ٹائم سیکیورٹی ورکشاپ کی اختتامی تقریب
لاہور: پاکستان نیوی کی آٹھویں میری ٹائم سیکیورٹی ورکشاپ کی اختتامی تقریب پاکستان نیوی وار کالج، لاہور میں منعقد ہوئی۔ چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی سید یوسف رضا گیلانی نے پاکستان کی بلیو اکانومی کی صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے سمندروں کی اہمیت کو اجاگر کیا جو اکیسویں صدی میں غیر معمولی اہمیت اختیار کرچکے ہیں۔

چیئرمین سینیٹ نے علاقائی میری ٹائم سیکیورٹی یقینی بنانے اور ملکی سمندری سرحدوں کے دفاع کے لیے پاکستان نیوی کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے قوم میں سمندروں کی اہمیت اور قومی سلامتی سے اس کے گہرے تعلق کے بارے میں اگاہی کے فروغ کے لیے پاک بحریہ کی کاوشوں کی تعریف کی۔

ملک میں بحری شعبے کی صلاحیتوں کا ذکر کرتے ہوئے سید یوسف رضا گیلانی نے قومی جہاز رانی اور ماہی گیری کے شعبوں کی استعداد میں اضافے کی ضرورت پر زور دیا، تاکہ ملکی معاشی و سماجی ترقی کو بہتر بنایا جاسکے۔
اس سے قبل مہمانِ خصوصی کی آمد پر چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے ان کا استقبال کیا۔ کمانڈنٹ پاکستان نیوی وار کالج ریئر ایڈمرل سہیل احمد عزمی نے استقبالیہ خطاب میں ورکشاپ کی سرگرمیوں کا جائزہ پیش کیا۔

میری ٹائم سیکیورٹی ورکشاپ پاکستان نیوی کا ایک سالانہ پروگرام ہے جس کا مقصد بحری سلامتی، جیوپولیٹکس اور بحرِ ہند کے اسٹرٹیجک تناظر کے بارے میں بہتر فہم پیدا کرنا ہے۔
ورکشاپ کے شرکاء میں اراکینِ پارلیمنٹ، پالیسی ساز، بیوروکریٹس، ماہرینِ تعلیم، کاروباری شخصیات، مسلح افواج کے افسران اور میڈیا نمائندگان شریک تھے۔