بی آر اے کمانڈر اور سو ساتھیوں کا پاکستان سے وفاداری کا حلف، ہتھیار ڈال دیے
ڈیرہ بگٹی: بلوچستان کے ضلع ڈیرہ بگٹی میں علیحدگی پسند تنظیم بی آر اے سے وابستہ اہم کمانڈر وڈیرہ نور علی چاکرانی نے اپنے 100 سے زائد ساتھیوں کے ہمراہ ریاست کے سامنے ہتھیار ڈال دیے۔ یہ اقدام خطے میں امن و استحکام کے تناظر میں ایک بڑے قدم کے طور پر دیکھا جارہا ہے۔
ذرائع کے مطابق نور علی چاکرانی اور ان کے ساتھیوں نے پاکستان ہاؤس، سوئی میں باضابطہ طور پر ہتھیار جمع کروائے، جہاں مقامی قبائلی و سیاسی رہنما میر آفتاب بگٹی بھی موجود تھے۔ اس موقع پر سرینڈر کرنے والے افراد سے پاکستان کے آئین اور ریاست سے وفاداری کا حلف بھی لیا گیا۔
نور علی چاکرانی کو بی آر اے کے نمایاں ترین کمانڈروں میں شمار کیا جاتا تھا۔ ان کا اور ان کے ساتھیوں کا برسوں کی مسلح سرگرمیوں کے بعد ہتھیار ڈال دینا علاقے میں امن کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا جارہا ہے۔ مقامی انتظامیہ کے مطابق یہ اقدام نہ صرف سیکیورٹی صورت حال بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوگا بلکہ فراریوں کی قومی دھارے میں واپسی کے لیے بھی مثبت مثال بنے گا۔
سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے ناراض شہریوں کو قومی دھارے میں شامل کرنے کے لیے جاری مفاہمتی پالیسی کے تحت ان افراد کو قانون کے مطابق سہولتیں اور بحالی پروگراموں میں شامل کیا جائے گا، تاکہ وہ عام زندگی کی طرف واپس آ سکیں۔
ڈیرہ بگٹی اور گردونواح میں ہتھیار پھینکنے کی یہ کارروائی امن عمل میں ایک اور اہم سنگ میل تصور کی جارہی ہے، جس سے علاقے میں ترقی اور استحکام کی راہ ہموار ہونے کی امید کی جا رہی ہے۔