CDF نوٹیفکیشن پر قیاس آرائیاں، حکام کی اہم وضاحت
راولپنڈی: چیف آف ڈیفنس فورسز (CDF) سے متعلق حکومتی نوٹیفکیشن کے اجرا کے بعد سوشل میڈیا پر پھیلنے والی قیاس آرائیوں نے غیر ضروری بحث کو جنم دیا ہے، جس پر متعلقہ حکام کی جانب سے صورت حال کی وضاحت پیش کی گئی ہے۔ حکام کے مطابق نوٹیفکیشن کا مقصد CDF کی تقرری نہیں، بلکہ CDF ہیڈکوارٹر کے باضابطہ قیام کا عمل مکمل کرنا ہے، تاکہ یہ ادارہ واضح دائرہ کار اور ذمے داریوں کے ساتھ کام شروع کرسکے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ CDF ہیڈکوارٹر دراصل سابقہ جوائنٹ اسٹاف ہیڈکوارٹر (JSHQ) کی جگہ لے رہا ہے، جو ایک غیر فعال اور محدود نوعیت کے اسٹاف کمیٹی ڈھانچے کے طور پر کام کررہا تھا۔ نئے نظام کے لیے جامع اور فعال ادارہ جاتی فریم ورک کی ضرورت ہے، جس کے لیے ٹی او آرز (Terms of Reference)، قواعد و ضوابط اور انتظامی ڈھانچے کی تشکیل جاری ہے۔
متعلقہ حکام کے مطابق یہ تمام عمل انتہائی حساس، پیچیدہ اور وقت طلب ہے، جسے مکمل احتیاط اور ادارہ جاتی طریقہ کار کے تحت مکمل کیا جارہا ہے۔
حکام نے واضح کیا کہ اس اہم منتقلی کا مقصد دفاعی ڈھانچے کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہے، نہ کہ میڈیا میں زیرِ گردش کسی بھی قسم کی تشریح کو تقویت دینا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ پاکستان کی مسلح افواج ہمیشہ پارلیمنٹ کی ہدایات اور ادارہ جاتی ضوابط کے تحت فیصلے کرتی ہیں اور سوشل میڈیا کے غیر سنجیدہ یا مفاداتی بیانیے ان پر اثرانداز نہیں ہوتے۔