کورونا سے 1017 جاں بحق، متاثرین 48 ہزار سے متجاوز

اسلام آباد: پاکستان بھر میں کورونا وائرس نے مزید شدت اختیار کرلی اور ایک دن میں مزید 32 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 1017 ہوگئی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 15 ہزار 346 ٹیسٹ کیے گئے جب کہ مجموعی طور پر 4 لاکھ 14 ہزار 254 ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید دو ہزار 193 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جس کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد 48 ہزار 91 ہوگئی۔ 32 ہزار 919 مریض اس وقت ہسپتالوں میں زیرِ علاج ہیں جب کہ 14 ہزار 155 مریض اس بیماری سے صحت یاب ہوچکے ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 32 افراد کورونا کے ہاتھوں لقمہ اجل بنے۔ اس طرح ملک میں مجموعی اموات 1017 ہوگئی ہیں۔
کے پی کے میں کورونا سے سب سے زیادہ 351 اموات ہوئی ہیں جب کہ سندھ میں 316، پنجاب میں 297، بلوچستان میں 38، اسلام آباد میں 10 اور گلگت بلتستان میں 4 جب کہ آزاد کشمیر میں ایک مریض جان کی بازی ہار گیا۔
اعداد و شمار کے مطابق سندھ میں کورونا کیسز سب سے زیادہ ہیں، جہاں مصدقہ مریضوں کی تعداد 18 ہزار964 ہے۔ دوسرے نمبر پر پنجاب ہے جہاں کورونا کیسز 17 ہزار 382 ہوگئے۔ علاوہ ازیں خیبر پختونخوا میں 6 ہزار 815، بلوچستان میں 2 ہزار 968 کیسز، اسلام آباد میں ایک ہزار 235، گلگت میں 579 اور آزاد کشمیر میں 148 کورونا کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔