مفتی اعظم پاکستان مفتی منیب الرحمان ڈینگی میں مبتلا، اسپتال داخل

کراچی: مفتی اعظم پاکستان، محققِ اسلام اور ممتاز عالمِ دین حضرت علامہ مفتی منیب الرحمان ڈینگی وائرس میں مبتلا ہونے کے باعث گزشتہ روز اسپتال منتقل کردیے گئے، جہاں ڈاکٹروں کی نگرانی میں اُن کا علاج جاری ہے۔ اہلِ خانہ اور رابطہ کمیٹی کے مطابق مفتی صاحب کی طبیعت اچانک بگڑنے پر انہیں فوری طور پر اسپتال لے جایا گیا، جہاں ابتدائی طبی معائنے کے بعد ڈاکٹرز نے انہیں زیرِ نگرانی رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اس وقت مفتی منیب الرحمان کی حالت تھوڑی بہتر ہے، تاہم ڈاکٹرز نے مکمل آرام اور علاج جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ مفتی صاحب کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں اور اُن کی صحت میں بہتری کے امکانات موجود ہیں۔
مفتی منیب الرحمان رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین بھی رہ چکے ہیں، وہ اہلِ سنت کے معروف رہنما، مذہبی اسکالر، محقق، مدرس اور مذہبی ہم آہنگی کے نمائندہ کے طور پر جانے جاتے ہیں۔ ملک بھر میں کروڑوں عقیدت مند اُن سے دینی رہنمائی حاصل کرتے ہیں۔ ان کی علالت کی خبر سامنے آتے ہی عوام، علما، مذہبی تنظیموں اور شاگردوں کی جانب سے دعاؤں کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔
علمائے کرام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ مفتی صاحب کی مکمل صحت یابی کے لیے خصوصی دعائیں کریں۔ سوشل میڈیا پر بھی ہزاروں افراد نے ان کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
دعا کی جارہی ہے کہ اللّٰہ کریم اپنے حبیب کریم ﷺ کے صدقے قبلہ مفتی منیب الرحمان صاحب کو شفاء کاملہ و عاجلہ عطا فرمائے اور اہلِ سنت و جماعت کے لیے ان کا سایہ صحت و سلامتی کے ساتھ دیر تک قائم رکھے۔ آمین۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔