رونالڈو کو ورلڈکپ کا افتتاحی میچ کھیلنے کی اجازت مل گئی
لزبن: فیفا نے اسٹار فٹ بالر کرسٹیاںو رونالڈو کے خلاف تین میچوں کی پابندی میں سے دو میچوں کی سزا معطل کردی۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق اس سزا کی معطلی کے بعد عالمی شہرت یافتہ فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو ورلڈکپ 2026 کا افتتاحی میچ کھیل سکیں گے، جس کے لیے لاکھوں مداحوں کی نظریں فیفا پر ٹھہری ہوئی تھیں۔
خیال رہے کہ کرسٹیانو رونالڈو کو رواں ماہ آئرلینڈ کے خلاف ورلڈکپ کوالیفائر میچ میں آئرش ڈیفنڈر دارا او شی کو کہنی مارنے کے الزام میں براہ راست ریڈ کارڈ ملا تھا۔
یہ اسٹار کھلاڑی کے 226 بین الاقوامی میچوں میں پہلا ریڈ کارڈ تھا، تاہم فیفا نے ان پر 3 میچوں میں کھیلنے پر پابندی عائد کی تھی۔
جن میں سے ایک میچ کی سزا وہ پہلے ہی آرمینیا اور پرتگال کے کھیلے گئے میچ میں شریک نہ ہوکر مکمل کر چکے ہیں۔
تاہم اب فیفا نے کرسٹیانو رونالڈو پر باقی دو میچوں پر عائد پابندیوں کو ایک سال کی عبوری مدت کے لیے اُٹھالیا ہے۔
فیفا نے شرط رکھی ہے کہ اگر رونالڈو نے آئندہ ایک سال میں اسی نوعیت کی خلاف ورزی کی تو دونوں میچوں کی معطل سزا فوراً بحال کردی جائے گی۔
دھیان رہے کہ 40 سالہ رونالڈو کا یہ چھٹا ورلڈکپ ہوگا جس کے لیے وہ کافی پُرعزم ہیں، کیوں کہ اب تک کرسٹیانو رونالڈو کا ورلڈکپ جیتنے کا خواب پورا نہیں ہوسکا ہے۔
ورلڈ کپ 2026 کا ڈرا 5 دسمبر کو واشنگٹن کے جان ایف کینیڈی سینٹر میں ہوگا،جس میں ڈونلڈ ٹرمپ اور فیفا کے صدر گیانی انفانٹینو موجود ہوں گے۔
ادھر فیفا کے صدر نے یہ کہہ کر کہ ورلڈ کپ 2026 کے 104 میچ ایسے ہوں گے جیسے 104 سپر باؤلز۔” فٹبال کے مداحوں کو پرجوش کردیا ہے۔
فٹ بال کے مداح اور رونالڈو کے دیوانے فیفا کے پابندی ہٹانے کے فیصلے اور سپر باؤلز کے بیان پر پھولے نہیں سمارہے ہیں۔
جس کے باعث ورلڈکپ 2026 کا جوش و خروش اب پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گیا ہے۔