ہمارے جوانوں کو شہید کرنیوالے دہشتگرد، انکے خاتمے کے سوا کوئی آپشن نہیں، سہیل آفریدی
پشاور: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کا کہنا ہے جو بھی ہمارے جوانوں کو شہید کرتا ہے وہ دہشت گرد ہے، دہشت گردی کے خاتمے کے سوا کوئی آپشن نہیں ہے۔
وزیراعلیٰ کے پی کا صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا، خیبر پختونخوا کی پولیس مکمل طور پر اہل ہے اور دہشت گردوں سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے، پولیس کے لیے جدید آلات کی خریداری کی منظور دے چکا ہوں۔
ان کا کہنا تھا وفاق واجبات دے تو پولیس اور صحت سمیت تمام شعبوں میں مزید بہتری لاسکتے ہیں، خیبر پختونخوا میں فارنزک لیب قائم کی جائے گی۔
وزیراعلیٰ کے پی کا ایک سوال کے جواب میں کہنا تھا پی ٹی آئی کچھ کررہی ہے تو ہی خیبرپختونخوا کے عوام نے تیسری بار موقع دیا، موجودہ چیف سیکریٹری اور آئی جی بہترین کام کررہے ہیں، چاہتا ہوں کہ موجودہ آئی جی کام جاری رکھیں۔
پختونخوا میں کرپشن کے الزامات سے متعلق سوال پر سہیل آفریدی کا کہنا تھا وفاق کو دعوت دیتا ہوں خیبر پختونخوا میں آڈٹ کرے، لیکن ہمارے واجبات بھی دے، میرا بھائی بھی کرپشن میں ملوث ہو تو اسے سزا ملنی چاہیے۔
سہیل آفریدی کا کہنا تھا دہشت گردی نے خیبرپختونخوا کے ہر شعبے کو متاثر کیا ہے، جو بھی ہمارے جوانوں کو شہید کرتا ہے وہ دہشت گرد ہے، امن کی خاطر وفاق کا ساتھ دوں گا، امن و امان پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کو سزا دینے کے لیے صوبائی سطح پر قانون سازی کی ہدایت کردی ہے، انسداد دہشت گردی کے قوانین میں سقم ختم کرنا چاہتے ہیں۔
وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کا کہنا تھا، سیاسی اختلافات اپنی جگہ کسی بھی اقدام سے صوبوں کے عوام کو تکلیف نہیں ہونی چاہیے، پانی بند کرنے سے متعلق جنید اکبر کا بیان غلط تھا، دہشت گردی کے خاتمے کے سوا کوئی آپشن نہیں، اللہ نہ کرے پنجاب بھی دہشت گردی کا سامنا کرے۔