دنیا بھر میں انٹرنیٹ کا بریک ڈاؤن، متعدد ویب سائٹس بند
کراچی: بین الاقوامی سطح پر اچانک متعدد ویب سائٹس بند ہوجانے سے صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے، جس کی وجہ انٹرنیٹ کلاؤڈ فلیئر کی خرابی بتائی جارہی ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق آج دوپہر سے عام استعمال کی ویب سائٹس بھی سست روی کے بعد اچانک سے بند ہونا شروع ہوگئیں۔
متعدد صارفین کو ویب سائٹس کھولنے پر ایرر 500 کا سامنا ہے جب کہ کلاؤڈ فلیئر ڈیش بورڈ اور اے پی آئی بھی کام نہیں کررہی ہیں۔
ویب سائٹس انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ مسئلہ دراصل کلاؤڈ فلیئر کی جانب سے فراہم کردہ سروسز میں خرابی کے باعث پیدا ہوا ہے۔
کلاؤڈ فلیئر کی خرابی کے باعث ہی دنیا بھر میں کئی ویب سروسز اور پلیٹ فارمز متاثر ہوئے ہیں۔
دوسری جانب کلاؤڈ فلیئر کمپنی نے بتایا کہ اس مسئلے سے آگاہ ہیں اور تحقیقات جاری ہیں۔ جلدہی بحالی کا کام مکمل ہوجائے گا۔ صارفین سے معذرت خواہ ہیں۔
خیال رہے کہ کیلیفورنیا میں قائم یہ کمپنی ویب سائٹس، ویب ایپلی کیشنز اور نیٹ ورکس کی سیکیورٹی، کارکردگی اور قابلِ بھروسہ آپریشنز کے لیے خدمات فراہم کرتی ہے۔