تیسرے ون ڈے میں بھی پاکستان کامیاب، سری لنکا کو وائٹ واش شکست
راولپنڈی: محمد رضوان، فخر زمان اور حسین طلعت کی شاندار بیٹنگ کی بدولت پاکستان نے سری لنکا کو سیریز کے آخری میچ میں 6 وکٹوں سے شکست دے کر وائٹ واش کردیا۔
راولپنڈی میں کھیلے گئے سیریز کے آخری ون ڈے میچ میں شاہین آفریدی نے ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا، جو قومی ٹیم کے لیے اچھا ثابت ہوا۔ سری لنکا نے تیسرے ون ڈے میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کو جیت کے لیے 212 رنز کا ہدف دیا۔
سری لنکا کی پوری ٹیم پاکستانی بولرز کے سامنے بے بس نظر آئی اور 45.2 اوورز میں 211 رنز بناکر آل آؤٹ ہوگئی۔
سری لنکا کی جانب سے سدھیرا 48، کوشل مینڈس 34 اور پون 32 رنز بناکر نمایاں بلے باز رہے۔ پاکستانی بولر محمد وسیم نے تین جب کہ فیصل اکرم اور حارث رؤف نے دو دو کھلاڑیوں کو شکار بنایا، شاہین اور فہیم اشرف کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستان نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو حسیب اللہ خان بغیر کوئی رن بنائے 8 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹے، پھر فخر زمان اور بابر اعظم نے ذمے دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے اسکور کو 82 تک پہنچایا۔
یہاں فخر زمان 45 گیندوں پر 55 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، انہوں نے 37 گیندوں پر نصف سنچری اسکور کی۔ اس کے بعد بابر اعظم 101 کے مجموعی اسکور پر 34 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
نئے آنے والے بلے باز سلمان آغا صرف 6 رنز بناکر پویلین لوٹے، یوں پاکستان کی 115 پر چوتھی وکٹ گری، پھر محمد رضوان اور حسین طلعت نے ذمے دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے شاندار اننگز کھیلی اور 100 رنز کی شراکت قائم کی۔
محمد رضوان 61 اور حسین طلعت 42 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔ سری لنکا کی جانب سے جیفری نے تین جبکہ مہیش نے ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان ٹیم میں چار تبدیلیاں کی گئی تھیں۔ سری لنکن کپتان چارتھ اسالنکا طبیعت ناساز ہونے کے باعث پلیئنگ الیون میں شامل نہیں تھے۔