سابق شوہر اظفر کیساتھ اختلافات نے بیٹی کی صحت پر گہرا اثر ڈالا، سلمیٰ حسن
کراچی: ٹی وی کی سینئر اداکارہ سلمیٰ حسن نے اپنی زندگی کے حوالے سے اہم انکشاف کیے ہیں۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے سلمیٰ حسن نے بتایا کہ سابق شوہر اظفر علی کے ساتھ اختلافات نے ان کی بیٹی فاطمہ کی جذباتی صحت پر گہرا اثر ڈالا۔
شو میں گفتگو کرتے ہوئے سلمیٰ حسن نے بتایا کہ فاطمہ صرف آٹھ ماہ کی تھی جب اس نے غیرمعمولی رویے دکھانا شروع کیے۔ وہ زمین پر لیٹ جاتی اور خود کو اتنا سختی سے اکڑا لیتی تھی کہ میں بھی اسکو نہیں اٹھا سکتی تھی، کبھی کبھی وہ اپنا سانس روک لیتی تھی۔
سلمیٰ نے بتایا کہ مختلف ماہرینِ نفسیات سے رجوع کیا تاہم ایک تھیراپسٹ نے فاطمہ کو دیکھنے کے بعد کہا کہ اصل مسئلہ بچی میں نہیں بلکہ ماں کی جذباتی کیفیت میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ پہلے میں نے سمجھا کہ شاید وہ غلط کہہ رہی ہیں مگر بعد میں حقیقت سامنے آئی کہ فاطمہ وہی محسوس کر رہی تھی جو میں اندر سے گزر رہی تھی۔
واضح رہے کہ سلمیٰ اپنی بیٹی فاطمہ کی سنگل مدر ہیں۔ اداکارہ کی پہلی شادی اداکار اور پروڈیوسر اظفر علی سے ہوئی تھی جو بعد ازاں نوین وقار سے تعلقات اور شادی کے باعث ختم ہوگئی تھی۔
سلمیٰ حسن نے مشہور سٹ کام ’’سب سیٹ ہے‘‘ سے اپنے فنی سفر کا آغاز کیا تھا، ان کے مشہور ڈراموں میں خانی، بددعا، مجھے پیار ہوا تھا، پیار کے صدقے، فیری ٹیل، عشق مرشد، جان سے پیارا جونی اور بھرَم جیسے سپر ہٹ ڈرامے شامل ہیں۔