سیاست میرے بس کی بات نہیں، شاہد آفریدی
کراچی: اسٹار آل رائونڈر کہلانے والے پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے اعتراف کیا ہے کہ وہ ماضی میں ایک سیاسی جماعت کو جوائن کرنے کے خواہش مند تھے۔
چند روز قبل لندن میں میڈیا سے گفتگو کے دوران شاہد آفریدی نے کسی جماعت کا نام لیے بغیر کہا کہ ماضی میں ایک پارٹی کو جوائن کرنا چاہتا تھا، لیکن 2019 سے 2020 کے دوران ذہن تبدیل کرلیا۔
انہوں نے کہا کہ اس دوران میں نے فیصلہ کیا کہ سیاست میرے بس کی بات نہیں، لہٰذا میں جوائن نہیں کرسکتا۔
شاہد آفریدی نے میڈیا نمائندگان کو مخاطب کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ آپ سب بھی دعا کیجیے گا کہ میں سیاست سے دُور رہوں، کیوں کہ یہ میرا پلان ہے، آگے اللہ کا کیا پلان ہے یہ وہی جانتا ہے۔
اس دوران شاہد آفریدی نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی کارکردگی پر ان کی تعریف بھی کی۔
شاہد آفریدی نے سابق وزیراعظم عمران خان سے متعلق سوال پر کوئی جواب دیے بغیر پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگادیا۔