ویسٹ انڈیز نے 34 سال بعد پاکستان کے خلاف ون ڈے سیریز جیت لی

ٹاروبا: ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو تیسرے اور آخری میچ میں 202 رنز سے شکست دے کر 34 سال بعد ون ڈے سیریز جیت لی۔
ٹاروبا میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کی ٹیم 295 رنز کے تعاقب میں محض 92 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
پاکستان کی جانب سے نائب کپتان سلمان آغا 30 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ محمد نواز 23 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
حسن نواز 13، بابر اعظم 9، نسیم شاہ 6، حسین طلعت 1 رنز کےانفرادی اسکور پر آؤٹ ہوئے جب کہ صائم ایوب، عبداللہ شفیق، کپتان محمد رضوان، حسن علی اور ابرار احمد کھاتہ کھولے بغیر پویلین لوٹے۔
میزبان ٹیم کی جانب سے جیڈن سلز نے 6 وکٹیں لے کر پاکستانی بیٹنگ لائن کے پرخچے اڑا دیے۔ گداکیش موتی نے 2 اور روسٹن چیز نے 1 وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل پاکستان کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز نے کپتان شے ہوپ کی سنچری کی بدولت مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 294 رنز اسکور کیے۔
کپتان شے ہوپ نے 94 گیندوں پر 120 رنز ناٹ آؤٹ کی شاندار اننگز کھیلی۔ ایون لوئس 37، روسٹن چیز 36، کیسی کارٹی 17، شرفین ردرفورڈ 15، گداکیش موتی5 اور برینڈن کنگ 5 رنز کے انفرادی اسکور پر آؤٹ ہوئے۔
جسٹن گریوز 24 گیندوں پر دھواں دھار 43 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان کی جانب سے ابرار احمد اور نسیم شاہ نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔ صائم ایوب اور محمد نواز نے 1، 1 کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

 

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔