صدر میٹرو ون نیوز اور پروجیکٹ ڈائریکٹر وائس آف سندھ کا انڈس اسپتال کا دورہ

ڈاکٹر عمیر ہارون انڈس اسپتال کے میڈیا گُڈ وِل ایمبیسیڈر نامزد

کراچی: صدر میٹرو ون نیوز اور پروجیکٹ ڈائریکٹر وائس آف سندھ ڈاکٹر محمد عمیر ہارون، ڈپٹی پروجیکٹ ڈائریکٹر وائس آف سندھ دانیال جیلانی کے ساتھ، آج انڈس اسپتال کے دورے پر پہنچے، جہاں انہوں نے ایگزیکٹو ڈائریکٹر سید مشہود رضوی اور میڈیا کمیونیکیشن ٹیم سے تفصیلی ملاقات کی۔ اس ملاقات میں صحتِ عامہ کے فروغ، میڈیا کے ذریعے مثبت پیغام رسانی اور فلاحی منصوبوں کے اشتراک پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
ڈاکٹر عمیر ہارون نے انڈس اسپتال کی شاندار خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ پاکستان میں انسانیت کی خدمت کی ایک روشن مثال ہے، جو سالانہ 50 لاکھ سے زائد مریضوں کو مکمل مفت، معیاری اور عالمی معیار کی طبی سہولتیں فراہم کرتا ہے۔ انڈس اسپتال کا جدید انفرا اسٹرکچر، جدید ترین آلات، تربیت یافتہ طبی عملہ اور رضاکارانہ خدمات کا جذبہ اس کے عزم و مشن کی عکاسی کرتا ہے۔
اس موقع پر ڈاکٹر عمیر ہارون نے کہا، انڈس اسپتال نہ صرف علاج فراہم کرتا ہے بلکہ امید، اعتماد اور انسانیت کی خدمت کے نئے معیارات قائم کررہا ہے۔ وائس آف سندھ اس نیک مقصد میں انڈس اسپتال کے ساتھ ہے اور یہ ادارہ اس پیغام کو گھر گھر پہنچانے کے لیے بھرپور میڈیا مہم چلائے گا۔
ایگزیکٹو ڈائریکٹر انڈس اسپتال، سید مشہود رضوی نے ڈاکٹر عمیر ہارون کی میڈیا اور سماجی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں انڈس اسپتال کا میڈیا گُڈ وِل ایمبیسیڈرنامزد کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عمیر ہارون نے ہمیشہ مثبت اور فلاحی مقاصد کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ ان کی شمولیت انڈس اسپتال کے مشن کو مزید تقویت دے گی۔
اس ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ جلد ہی وائس آف سندھ اور انڈس اسپتال کے درمیان ایک مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط ہوں گے، جس کے تحت ایک وسیع میڈیا مہم شروع کی جائے گی، تاکہ انڈس اسپتال کے نیک مقصد اور خدمات کو قومی سطح پر اجاگر کیا جاسکے۔
انڈس اسپتال کا عزم ہے کہ پاکستان میں کسی مریض کو مالی رکاوٹ کی وجہ سے علاج سے محروم نہ رہنے دیا جائے اور ادارہ وائس آف سندھ اس مشن کو عوام تک پہنچانے کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔